ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مسلم پرسنل لا بورڈکی عاملہ کی میٹنگ آج ،بابری مسجدسمیت سلگتے مسائل زیرِبحث ہوں گے

مسلم پرسنل لا بورڈکی عاملہ کی میٹنگ آج ،بابری مسجدسمیت سلگتے مسائل زیرِبحث ہوں گے

Sat, 15 Apr 2017 11:06:31    S.O. News Service

لکھنؤ، 14؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ملک میں مسلمانوں کی اہم تنظیم آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے کل شروع ہونے والی اہم میٹنگ میں تین طلاق اور ایودھیا تنازعہ کے بات چیت کے ذریعے حل سمیت کئی اہم مسائل پر بات چیت ہو گی۔بورڈ کے سینئر رکن مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے آج میڈیا کو بتایا کہ بورڈکے قومی مجلس عاملہ کا اجلاس آئندہ 15اور 16؍اپریل کوندوہ العلماء لکھنؤ میں منعقد کیا جائے گا واضح ہوکہ کل ہی بورڈنے لاء کمیشن سے ملاقات کرکے دوٹوک لہجے میں کسی بھی طرح سے مذہبی امورمیں مداخلت اوریونیفارم سول کوڈکی مخالفت کی ہے اوراپنے موقف کی حمایت میں پونے پانچ کروڑدستخط کی ہارڈسک بھی پیش کی ہے۔اجلاس کے ایجنڈے میں بنیادی طور پر تین طلاق کو لے کر سپریم کورٹ میں چل رہے کیس کی پیروی اور بابری مسجدتنازعہ کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی سپریم کورٹ کی تجویز پر غوروخوض کیا جائے گا، ساتھ ہی بورڈ کی خاتون شاخ کومزید مضبوط کرنے کے طورطریقوں پر بھی بحث ہوگی۔قابل ذکرہے کہ تین طلاق کو لے کر سپریم کورٹ میں زیرِالتوامقدمے میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ایک فریق ہے۔مولانا خالدرشید فرنگی محلی نے بتایا کہ بابری مسجد کا مسئلہ انتہائی اہم ہے اور اجلاس میں فیصلہ کیا جا سکتا ہے کہ اس کا بات چیت کے ذریعے حل کا کوئی راستہ کھلا ہے یا نہیں۔انہوں نے بتایا کہ بورڈکے صدر مولانا رابع حسنی ندوی کی صدارت میں ہونے والی یہ میٹنگ 15؍اپریل کی شام کو شروع ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ بورڈ مسلم پرسنل لا کو لے کر سماج میں پھیلی غلط فہمیوں کے ازالے کے لیے سوشل میڈیا کے ذریعے عام لوگوں سے جڑے گا اور شرعی قوانین کو صحیح شکل میں لوگوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔بورڈ کی میٹنگ میں اس کے لیے ایکشن پلان تیار کیا جائے گی۔مولانا فرنگی محلی نے بتایاکہ اس اجلاس میں گزشتہ دنوں کولکا تہ میں ہوئے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے کے طریقوں پرغورکئے جانے کے ساتھ ساتھ بورڈ کی مختلف کمیٹیوں کے رپورٹیں بھی پیش کی جائیں گی۔اس کے علاوہ ان کمیٹیوں کو سرگرم بنانے کے طورطریقوں پر بھی بات ہوگی۔


Share: